اتوار 1 اکتوبر کو جامع مسجد منہاج القرآن بارسلونا میں منہاج یوتھ لیگ سپین کی جانب سے نوجوانوں کے لیے ایک تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں بارسلونا بھر کے نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم منہاج یوتھ لیگ کے محمد عدنان نے کیا ، اسلام حسین نے نعتِ رسول مقبول پیش کی ۔
یہ نشست منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر ساجد محمود کی صدارت میں انعقاد پذیر ہوئی اور نقابت کے فرائض منہاج یوتھ لیگ کے کوارڈینیٹر و ناظمِ نشرو اشاعت منہاج القرآن سپین نوید اصغر نے سر انجام دیے ۔
منہاج یوتھ لیگ سپین کے کوارڈینیٹر نوید اصغر نے یوتھ کی طرف سے انعقاد کردہ اس اجلاس میں سب نوجوانوں کو خوش آمدید کہا اور خطیب جامع مسجد منہاج القرآن علامہ عبدالرشید شریفی کو دعوتِ خطاب دی گئی انہوں نے رمضان المبارک اور روزہ کے موضوع پر خطاب میں کہا کہ روزہ صرف کھانا پینا چھوڑنے کا نام نہیں ہے ، بلکہ اس میں ہر قسم کے غلط کاموں سے بچنا چاہیے ، نوجوانوں کو فضول مصروفیات سے بچنا چاہیے اور فارغ ٹائم میں اپنی تربیت پر زور دینا چاہیے اور اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ہمارے پاس سینکڑوں کی تعداد میں تربیتی خطابات موجود ہیں ان کو دیکھا کریںاس سے اآپ کی تربیت بھی ہو گی اور آپ کی معلومات میں بھی اضافہ ہو گا انہوں اجتماعیت کی برکات بیان کرتے ہوئے کہا کہ روزہ بھی ہمیں اجتماعیت کا درس دیتا ہے جس میں سحری اور افطاری میں اکٹھا ہونا شامل ہے ، انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن بہت وسیع مشن ہے جس میں منہاج القرآن کی مختلف تنظیمات سرگرمِ عمل ہیں جن میں منہاج یوتھ لیگ، منہاج ویمن لیگ، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور منہاج علماء کونسل شامل ہیں، انہوں نے اپنے خطاب کے آخر میں نوجوانوں کے دینی سوالات کے جواب بھی دیے اور کہا کہ کوئی بھی سوال ہو اس کو پوچھنے میں جھجک محسوس نہیں کرنی چاہیے ۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکریٹری جنرل محمد اقبال چوہدری کو دعوتِ خطاب دی گئی ، جنہوں اپنی تقریر کا آغاز منہاج یوتھ لیگ کو اس تربیتی نشست کے انعقاد پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کیا اور آئندہ بھی اس طرح کی نشستوں کے انعقاد کی امید ظاہر کی ،انہوں نے کہا کہ منہاج یوتھ لیگ سپین کے قیام کو اب ایک سال ہونے والا ہے اور اس دوران ہم نے ایسے مقاصد حاصل کر لیے جو ہم نوجوانوں کو اکٹھا کیے بغیر نہیں کر سکتے تھے، انہوں نے منہاج یوتھ لیگ سپین کے قیام کے مقاصد سے بھی سب کو آگاہ کیا اور کہا کہ ہمیں گناہوں سے بچنا چاہیے اور اس کے لیے دین سے لگاؤ اور علم حاصل کرنا چاہیے تاکہ ہمیں کسی کے سامنے سر نہ جھکانا پڑے، ہمیں دین میں زیادہ سے زیادہ آگاہی ہونی چاہیے ۔
اجلاس کےآخر میں یوتھ لیگ کے کوارڈینیٹر نوید اصغر نے سب نوجوانوں کو بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران ہر اتوار کو ایسی تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا ۔ افطاری کے وقت خصوصی دعا سے اس اجلاس کا اختتام ہوا ۔