اتوار 8 اکتوبر بعد نمازِ عصر منہاج یوتھ لیگ سپین کے زیرِ انتظام منہاج القرآن بارسلونا کے مرکز پر وجودِ باریٰ تعالیٰ کے عنوان سے تربیتی نشست کا انعقادکیا گیا ، جس میں بارسلونا بھر کے نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔اجلاس کی صدارت منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر ساجد محمود نے کی جبکہ نقابت کے فرائض ناظمِ نشرو اشاعت منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین و کوارڈینیٹر منہاج یوتھ لیگ سپین نوید اصغر نے سر انجام دیے ۔ کوارڈینیٹر نوید اصغر نے اجلا س کا باقاعدہ آغاز کرنے کے لیے حافظ محمد اسد کو دعوتِ تلاوتِ قرآن کریم دی جس کے بعد قصیدہ بردہ شریف اجتماعی طور پڑھا گیا ۔ نوید اصغر نے شرکائِ مجلس کو اس تربیتی نشست کا مقصد بتایا اور کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو یہاں دینِ اسلام پر بہت سے سوالوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بعض دفعہ جواب دینا بھی کافی مشکل ہو جاتاہے ان سوالوں میں وجودِ باری تعالیٰ کا انکار یہاں کے ماحول کے مطابق ایک عام چیز ہے یہاں تک کہ سکولوں میں پروفیسرز بھی خالقِ مطلق کے وجود کا انکار کرتے ہوئے مسلمان طلبہ سے اس پر بحث کرتے ہیں ، ہم آج کی نشست میںوجودِ باری تعالیٰ پر ہونے والے ان تمام سوالات کو دلائل کے ساتھ حل کریں گے ۔ خطیب جامع مسجد منہاج القرآن ،علامہ عبدالرشید شریفی کو دعوتِ خطاب دی گئی جنہوں نے اپنے خطاب کا آغاز قرآن مجید کی آیاتِ مقدسہ سے کیا اور کہاسب سے پہلی بات تو یہ ہے کہ مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمارے دل میں یہ خیال نہیں آنا چاہیے کہ اللہ ہے یا نہیں، کیونکہ ہم مسلمان ہیں ، ہمارے ایمان کی شرطِ اول اللہ تعالیٰ کے وجود پر ایمان لانا ہے ،باقی رہی دوسروں کی بات تو ان کا حل آگے چل کر کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے وجود کا انکار کوئی نئی بات نہیں یہ ہمیشہ سے ہی ہوتا آیا ہے ، اس کے بعد انہوں نے وجودِ باری تعالیٰ پر بہت سے اعتراضات کے جوابات قرآن و حدیث اور جدید سائنس کی روشنی میں دیے اور کہا کہ اتنی وسیع و عریض کائنات میں کسی خالق کا ہونا سائنس سے بھی ثابت ہو چکا ہے اور جدید علم اس چیز کو بھی ماننے پر مجبور ہے کہ خالق ایک ہے کیونکہ یہ ساری کائنات ایک مخصوص نظام کے تحت چل رہی ہے۔ اختتام سے قبل منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی سیکریٹری جنرل محمد اقبال نے یوتھ لیگ کو کامیابی کے ساتھ نشست کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اگلی مرتبہ تربیتی نشست میں نوجوان اپنے قریبی دوستوں کو بھی ساتھ لے کر آئیں ۔ افطاری سے کچھ ساعتیں قبل اس عظیم الشان تربیتی نشست کا اختتام خصوصی دعا سے ہوا ۔ انشاءاللہ تعالیٰ اتوار 15 اکتوبر کو ہونے والی تربیتی نشست کا موضوع"ضرورتِ رسالت " ہو گا ۔بارسلونا کے تمام نوجوانوں کو اس میں شرکت کی بھر پور دعوت دی جاتی ہے ۔