راس ھائینز نے بین المذاہب روداری اور امن عالم کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی نتیجہ خیز کاوشوں کو سراہا

کینیڈا کے ہائی کمشنر راس ھائینز(Ross Hynes)نے گذ شتہ روز تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی،سیکنڈسیکرٹری(پولیٹیکل) انڈریو نگ (Andrew ng) بھی ان کے ہمراہ تھے۔اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین سنیئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض،ڈائریکٹر امور خارجہ راجہ جمیل اجمل،پرنسپل سیکرٹری ٹو ڈاکٹر طاہر القادری جی ایم ملک،نائب امیر تحریک بریگیڈئر(ر) اقبال احمد خان ،ڈاکٹر عبید اللہ رانجھا اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قاضی فیض الاسلام بھی موجود تھے۔ 

راس ھائینز نے بین المذاہب رواداری کے فروغ ،نفرت ، عدم برداشت کے رویوں ، دہشت گردی کے خاتمے اور عالمی امن کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی نتیجہ خیز کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ دنیا ان کے کام کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کی جدوجہد دنیا میں قیام امن کیلئے یقیناًسنگ میل ثابت ہو گی ۔ہائی کمشنر کینیڈا راس ھائینز نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ECOSOCکا ممبر بننا یقیناًتحریک منہاج القرآن کی عالمی سطح پر کی جانیوالی ہمہ جہت خدمات کا اعتراف ہے جس پر تحریک منہاج القرآن مبارکباد کی مستحق ہے ۔انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کے شعبوں کا وزٹ بھی کیا۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹررحیق احمد عباسی نے راس ھائینز کو تحریک منہاج القرآن کی بین الاقوامی سرگرمیوں اور اسکے مختلف شعبہ جات اور فورمز کا تفصیلی تعارف کرایا۔ڈاکٹررحیق عباسی نے کہا کہ امت مسلمہ کی غالب اکثریت امن پسند ہے مگر متحرک نہیں،جبکہ مٹھی بھر دہشت گرد انتہائی سرگرم ہیں۔ڈاکٹر طاہر القادری کے تاریخی فتویٰ اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فکری رہنمائی دینے کیلئے ان کی عملی کاوشوں کے تسلسل نے ویمبلے ایرینا میں ہونیوالی" امن برائے انسانیت" کانفرنس میں UKبھر سے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے 12000امن پسندوں کو ایک چھت تلے جمع کر دیا جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اب دنیا بھر کے امن پسندمتحرک ہو رہے ہیں اور یہ تحریک منہاج القرآن کا اعزاز ہے۔