منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جاری مختلف فلاحی منصوبہ جات کی تکمیل کے لیے ہر سال کی طرح منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن برطانیہ کے زیر اہتمام زکوۃ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے ، اس سلسلہ میں مختلف ٹیلی ویژن چینلز پر فلاحی منصوبہ جات کی ڈاکیو منٹریز چلانے کے ساتھ ساتھ Live Charity Appealsبھی کی جا رہی ہیں ۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن برطانیہ کے آفس ایڈمنسٹریٹر محمد اجمل خان نے MCBیورپ کے سیکریٹری جنرل نوید احمدا ندلسی سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ رواں سال زکوۃ مہم کو مزید کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے لندن سٹی کی بسوں اور میٹرو (انڈر گراؤنڈ ٹرین) کے سٹیشنوں پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے اشتہارات بھی آویزاں کیے گئے ہیں ۔

واضح رہے کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ذیلی فورم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت دنیا بھر میں انسانیت کی فلاح وبہبود کے لیے سینکڑوں منصوبہ جات پر کام جاری ہے جن میں لاہور (پاکستان) میں 500یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کا منصوبہ آغوش، غریب اور مستحق بچیوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کا زیر تعمیر منصوبہ بیت الزہراء، ، پاکستان میں مستحق غریب جوڑوں کی اجتماعی شادیاں، قدرتی آفات کے نیتجے میں نقصان زدہ علاقوں میں متاثرہ خاندانوں کی کفالت اور ان کے گھروں کی تعمیر نو ، دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے واٹر پمپز کی تنصیب، پاکستان بھر میں منہاج القرآن کے تحت چلنے والے سینکڑوں تعلیمی اداروں میں مستحق غریب بچوں کے لیے سکالر شپ کا اہتمام ، غریب مریضوں کے لیے ڈسپنسریاں اور ہسپتالوں کا قیام ، بر اعظم افریقہ کے قحط زدہ علاقوں میں غرباء میں خوراک کی فراہمی اور پاکستان کے مختلف شہروں میں ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کے لیے مفت ایمبولینس سروس کی فراہمی شامل ہے ۔