9ستمبر کوہونے والی امن کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری خطاب کریں گے

9ستمبر 2012کو منہاج القرآ ن انٹرنیشنل ڈنمارک کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی یورپین پیس کانفرنس میں شرکت کے لیے یورپ بھر سے منہاج القرآن انٹرنیشنل کے رفقاء و عہدیداران پر مشتمل وفد اور قافلے کوپن ہیگن پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں سب سے پہلے سپین ،اٹلی اور یونان کے وفود جمعرات کو ڈنمارک پہنچے جب کہ جمعہ اور ہفتہ کو دیگر ممالک سے مزید افراد کی آمد کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ یورپی ممالک میں تعداد کے حوالے سے ناروے اور اٹلی سر فہرست ہیں جہاں سے بالترتیب 500اور 150افراد کانفرنس میں شرکت کے لیے ڈنمارک پہنچیں گے ۔منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک نے کانفرنس میں شرکت کے لیے بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کی معلومات اور خدمت کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دے رکھی ہیں ، کوپن ہیگن سنٹر پہنچنے پر علامہ عبدالستار سراج (امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک) نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

کانفرنس میں شرکت کے لیے گزشتہ روز تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرا لقادری بھی کوپن ہیگن( ڈنمارک )پہنچ چکے ہیں، وہ ڈنمارک میں اپنے قیام کے دوران MQIڈنمارک کے زیر اہتما م مختلف تقاریب میں شرکت کریں گے اور یورپ سے آنے والے تحریکی عہدیداران اور رفقاء و وابستگان کے وفود سے ملاقات بھی کریں گے۔منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک کے سیکریٹری جنرل بلال اوپل کے مطابق یورپین پیس کانفرنس منعقد کرنے کا مقصد دین اسلام کے حوالے سے مغربی دنیا میں موجود غلط فہمیوں کا ازالہ کرنا اور اسلام کا درست پیغام اقومِ مغرب تک پہنچانا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن نے اپنے آغاز سے اب تک ہمیشہ فروغ امن و محبت او راخوت و بھائی چارہ کے لیے کام کیا ہے اور ہر قسم کی دہشت گردی، فرقہ واریت اور تنگ نظری کی مذمت کی ہے۔