پاکستانی قوم اور ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے وکیل کے طور عالمی عدالت انصاف میں پیش ہونے کیلئے تیار ہوں، ڈاکٹر محمد طاہر القادری

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ توہین آمیز فلم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کیلئے عالمی عدالت انصاف سے رجوع کرے اور باقاعدہ اپنا کیس پیش کرے۔اگر حکومت پاکستان ایسا کرتی ہے تو عالمی قوانین،انسانی حقوق کے چارٹر اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق وہ حکومت پاکستان کی طرف سے عالمی عدالت انصاف میں پاکستانی قوم اور دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے وکیل کے طور پر پیش ہونے کیلئے تیار ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ OIC کا ہنگامی اجلاس بلا کر متفقہ قرارداد کے ذریعےUNO اور موثر ممالک پر دباؤ بڑھائیں کہ احترام مذاہب کیلئے قانون سازی کی جائے تا کہ اظہار رائے کی چھتری تلے توہین انبیاء کا مذموم عمل ہمیشہ کیلئے دم توڑ جائے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری گذشتہ روز کینڈا سے تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی سے ٹیلیفونک گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی اسلام آباد،لاہور ،کراچی ،فیصل آباد اور ملتان میں ہونیوالی انتہائی پر امن ریلیوں ،جن میں ایک تنکا بھی اپنی جگہ سے نہیں ہلا ،پر قائدین تحریک، کارکنان اور وابستگان کو مبارکباد د ی ۔انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی ان ریلیوں میں لاکھوں پر امن افراد کی شرکت سے پاکستانی قوم کا حقیقی امیج دنیا کے سامنے گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یوم عشق رسول ﷺ کے دن ہونیوالی بدترین توڑ پھوڑ ،گھیراؤ جلاؤ چند مٹھی بھر شر پسندوں کی کارروائی تھی جسے کسی طور پر بھی پاکستانی قوم کا مجموعی رویہ قرار نہیں دیا جا سکتا ۔