4فروری 2012بروز ہفتہ ، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بادالونا)کے زیر اہتمام عظیم الشان محفل عید میلاد النبی ﷺ منعقد کی گئی ۔ جس میں بادالونا بھر سے مسلمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔محفل کے مہمان خصوصی تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے ممبر اور منہاج اسلامک سنٹر لندن (برطانیہ )کے ڈائریکٹر علامہ محمد صادق قریشی تھے جبکہ محفل کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی نے کی ۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا جس کی سعادت منہاج اسلامک سنٹر بادالونا کے نائب امام حافظ محمد معروف نے حاصل کی ، نقابت کے فرائض امیر تحریک منہا ج القرآن بارسلونا علامہ عبد الرشید شریفی نے سر انجام دیے ۔ ثناء خوانان مصطفی ﷺ نے بارگاہ رسالت میں عقیدت کے پھول پیش کیے ان میں محمد عمر، ارشد قادری اور حافظ ارشد شامل ہیں ان کے علاوہ پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف نعت خوان محمد قدیر احمد خان نے منہاج نعت کونسل کے ممبران کے ہمراہ اپنے منفرد انداز میں سرور دوعالم ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا جس سے بادالونا کی فضاء ذکر الٰہی اور درود و سلام سے گونج اٹھی۔
نقیب محفل نے مہمان خصوصی علامہ محمد صادق قریشی (ڈائریکٹر منہاج اسلامک سنٹر لندن ، برطانیہ ) کو دعوت خطاب دی اس موقع پر محفل کے شرکاء نے تکبیر، رسالت اور آمد مصطفی مرحبا مرحبا کے نعروں سے ان کا استقبال کیا ۔ علامہ محمد صادق قریشی نے میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے خصوصی خطاب کیا ، انہوں نے نورِ محمدی کی تخلیق اور سرکارِ دوعالم ﷺ کی پیدائش کے واقعات قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کیے ۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی کو حضور ﷺ سے پیار ہو جائے تو اس کو کسی دوسرے پیار یا محبت کی ضرورت نہیں رہتی ، جو نبی ﷺ سے محبت کرتا ہے وہ اللہ تعالیٰ سے محبت کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ اس پر مہربان ہو گا ۔ انہوں نے تمام حاضرین محفل کو اسوہ رسول ﷺ اپنانے اور حسن سلوک اور پیار و محبت سے پیش آنے کی تلقین کی ۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن دنیا بھر میں اسی پیغام کو عام کر رہی ہے ۔
محفل کا اختتام درود و سلام اور ملک و قوم کے لیے خصوصی دعا سے ہوا جس کے بعد لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا ۔ منہاج القرآن بادالونا انتظامیہ نے محفل میںآنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ اداء کیا ۔
رپورٹ : محمد رضوان کاظمی
مرتب : نویدا حمد اندلسی