بارسلونا میں عید الاضحی منانے کے بارے کل منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں مختلف تنظیمات کا اجلاس ہوا جس میں تنظیمات نے میٹنگ کے اختتام پر یہ فیصلہ کیا کہ کل بروز جمعرات 13دسمبر کو تفصیلی معلومات لینے کے بعد عوام الناس کو آگا ہ کر دیا جائے گا ۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا سپین کی دونوں مساجد، مسجد فیضان مدینہ بارسلونا(دعوتِ اسلامی)، مسجد غلامانِ مصطفی (بسوس)اور منہاج القرآن بادالونا نے 20 دسمبر بروز جمعرات کو عید الاضحی منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس بارے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے سرپرست محمد نواز کیانی،سیکریٹری جنرل محمد اقبال چوہدری، علامہ عبد الرشید شریفی،، فیضان مدینہ مسجد کے شاہد لطیف اور مسجد غلامانِ مصطفی (بسوس)کے صدر میاں وارث نے ٹیلیفونک گفتگو پر اس اعلان کی تصدیق کی ہے کہ عید الاضحی 20 دسمبر بروز جمعرات کو ہی ہو گی ان شاءاللہ العزیز۔
واضح رہے کہ اس بارے سپین کے محکمہ فلکیات میڈرڈ اور کتالونیا کے محکمہ فلکیاتSabadellسے بھی معلومات حاصل کی گئی ہے، ان محکموں نے جدید سائنسی معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 9 دسمبر کو زمین کے کسی بھی حصہ پر چاند کا نظر آنا محال تھا جبکہ 10 دسمبر کو جدید ٹیلی سکوپ مشین کے ذریعے چاند کو سپین سمیت زمین کے کئی حصوں سے دیکھا جا سکتا تھا ۔
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین بارسلونا کے زیرِ انتظام عید الاضحی کا سب سے بڑا اجتماع اسپورٹس ہال Raval میں ہی ہو گا جو کہ رمبلا Raval پر واقع ہے ۔ حسبِ سابق پہلی نماز 9 بجے ادا کی جائے گی جبکہ دوسری نماز 9:30 پر ادا کی جائے گی اور تیسری نماز 10:15 پر ادا کی جائے گی، نماز کے لیے آنے والے احباب سے گزارش ہے کہ وہ وقت کی پابندی کریں اور گھر سے باوضو تشریف لائیں کیونکہ ہال کے اندر وضو کی جگہ نہیں ہے ۔ نماز کے لیے آنے والوں سے یہ بھی التماس ہے کہ وہ جب ہال میں پہنچیں تو وہاں موجود سیکورٹی اہلکاروں اور انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے ۔
منہاج القرآن بارسلونا کی جانب سے مسلمان خواتین کے لیے بھی حسبِ سابق نمازِ عید کا اہتمام منہاج اسلامک سنٹربارسلونا میں کیا جائے گا جو کہ C / Erasme de Janer, 11 میں واقع ہے، خواتین کی جماعت 9:30 پر ہو گی ۔
اس بارے مزید معلومات کے لیے جامع مسجد منہاج القرآن کے نمبر 933 177 123 یا منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے نمبر 93 443 32 95 کے علاوہ منہاج القرآن سپین کی ویب سائٹ www.Minhaj.es سے استفادہ کیا جا سکتا ہے ۔