منہاج یورپین کونسل کا اجلاس ، مرکزی قائدین کے دورہ یورپ کا حتمی شیڈول تیار
7 جون بروز ہفتہ کو اٹلی کے شہر بیرگامو میں منہاج یورپین کونسل کی مجلسِ عاملہ کا اجلاس ہوا جس میں (امیر)علامہ حسن میر قادری ،(صدر) سید ارشد شاہ، (نائب صدر )چوہدری محمد سرور، (سیکریٹری جنرل )علامہ اقبال اعظم اور (نائب ناظم نشرو اشاعت )نوید احمد اندلسی نے شرکت کی ۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن کریم اور درود و سلام سے ہوا جس کے بعد سیکریٹری جنرل علامہ اقبال اعظم نے امیرِ تحریک منہاج القرآن یورپ علامہ حسن میر قادری کو ابتدائی کلمات اور اجلاس کا ایجنڈا پیش کرنے کی دعوت دی۔علامہ حسن میر قادری نے شرکاءاجلاس کو خوش آمدید کہا، ابتدائی کلمات کہے اور اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا اس دوران امتِ مسلمہ اور بالخصوص تحریک منہاج القرآن کے دنیا بھر میں بسنے والے رفقاءکے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔
اجلاس کے پہلے حصے میں ماہِ جولائی کے آخر میں شروع ہونے والے مرکزی قائدین کے دورہ یورپ کا شیڈول زیرِ بحث آیا جس میں یورپ بھر کی مختلف تنظیمات کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز کی روشنی میں حتمی شیڈول طے کیا گیا جس کے مطابق مرکزی قائدین کا دورہ 24 جولائی کو اٹلی سے شروع ہو گا اور 11 اگست کو ناورے میں ختم ہو گا۔
اس دورے میں تحریک منہاج القرآن کی سپریم کونسل کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری اور مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی یورپ میں تحریک منہاج القرآن کے مختلف مراکز کا دورہ کریں گے جس میں وہ تحریک منہاج القرآن کی تنظیمات کی طرف سے اصلاحِ احوالِ امت اور بین المذہبی ہم آہنگی کے بارے کیے جانے والے کاموں کا جائزہ لیں گے ۔اس دوران مرکزی قائدین اٹلی، یونان، سپین ، فرانس، فرمنی، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے دورہ کے علاوہ ہالینڈ میں ہونے والی محفل سماع میں بھی شرکت کریں گے ۔ منہاج القرآن کی تنظیمات مذکورہ بالا تمام جگہوں پر رفقاءکنونشنز اور یوتھ و ویمن لیگ کے لیے تربیتی نشستیں منعقد کریں گی جبکہ ہر جگہ عظیم الشان محافل و کانفرنسز منعقد ہونگی ۔
اس کے بعد اجلاس میں دیگر معاملات بھی زیرِ غور آئے جس میں گزشتہ مہینوں میں مرکزی نظامتِ دعوت کی جانب سے آنے والے فاضلین کے دورہ یورپ کے بارے گفتگو کی گئی، فرانس میں تحریک منہاج القرآن کے سرگرم رکن خلیل احمد راؤ پر ہونے والے حملے کی مذمت کی گئی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کو بادالونا میں نیا مرکز خریدنے پر مبارک باد دی گئی۔
مجلسِ عاملہ کا ہفتہ کو شروع ہونے والا یہ اجلاس مسلسل 3 روز جاری رہنے کے بعد پیر کے دن اختتام پذیر ہوا ، منہاج یورپین کونسل کا اگلا اجلاس ماہِ اگست میں ہو گا جس میں تمام ملکی تنظیمات کے صدور بھی شرکت کریں گے ۔